اُڑنے والی گاڑی کی کامیاب آزمائشی پرواز

Published On 30 June,2021 11:23 pm

نیترا: (ویب ڈیسک) یورپی ملک سلواکیا میں بالاخر اُڑنے والی گاڑی کی کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کر لی گئی ہے، یہ اڑن گاڑی تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک فضا میں اڑتی رہی، اس نے نیترا اور براٹیسلاوا کے شہروں کے درمیان اڑان بھری۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس فلائنگ کار میں عام پیٹرول ڈالا جاتا ہے جبکہ بی ایم ڈبلیو کا انجن نصب کیا گیا ہے۔

اس گاڑی کو تخلیق کرنے والے سائنسدان کا نام پروفیسر سٹیفن کلین ہے جو دعویٰ کر رہے ہیں کہ ان کا یہ انوکھا اڑن کھٹولہ تقریباً ایک ہزار کلومیٹر کی بلندی پر اُڑ سکتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس مشین کو عام شاہراہوں پر بطور کار بھی چلایا جا سکتا ہے لیکن اگر ڈرائیور کا دل کرے کہ وہ کہیں اڑا کر پہنچ جائے تو اسے اپنی اس گاڑی کو جہاز میں تبدیل کرنے میں صرف دو منٹ لگیں گے۔

پروفیسر سٹیفن کلین نے اپنا یہ شاہکار دکھانے کیلئے میڈیا کو مدعو کیا، ان کے سامنے اپنی کار کو دوڑا اور جہاز بنا کر لے اڑے۔

پروفیسر صاحب کا کہنا ہے کہ ان کے اس کار نما جہاز میں 2 لوگ بیٹھ سکتے ہیں۔ یہ ڈرون ٹیکسی کی طرح نہیں اڑ سکتی بلکہ اسے اڑانے کیلئے رن وے یا سڑک کی ضرورت پیش آتی ہے۔