کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے غیر اخلاقی مواد اپ لوڈ کرنے پر ملک بھر میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی ہے۔
تفصیل کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی مواد اپ لوڈ کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو شکایت درج کرائی لیکن تاحال اس پر کارروائی نہیں ہوئی۔
اس پر عدالت نے ملک بھر میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرتے ہوئے پی ٹی اے کو اپلیکیشن فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دے دیا۔
بیرسٹر اسد اشفاق نے کہا کہ ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیر اسلامی مواد رکھا جا رہا ہے۔ اٹارنی جنرل اور دیگر کو نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں، آٹھ جولائی تک عدالت کو جواب جمع کروائیں۔