کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے بالاخر پانچ سال کے بعد اپنا نیا آپریٹنگ سسٹم ’ونڈوز 11‘ لانچ کر دیا ہے۔
’ونڈوز 11‘ رواں برس کے آخر تک مارکیٹ میں دستیاب ہو گی۔ اس کی خاص بات اس میں نیا ایپ سٹور ہے جس کی مدد سے صارفین اپنے لیپ ٹاپ اور ڈیسک ٹاپ پر اینڈرائیڈ موبائل ایپلی کیشن سے مستفید ہو سکیں گے۔
وائس آف امریکا کے مطابق عالمی وبا کی وجہ سے آن لائن پڑھائی میں اضافہ ہوا اس وجہ سے طلبہ نے سستی ڈیوائسز کی خریداری میں دلچسپی لی۔ اس لئے مائیکرو سافٹ کے بزنس میں کمی دیکھنے میں آئی تھی۔ تاہم ایک اندازے کے مطابق ابھی تک مائیکروسافٹ کا 80 فیصد سے زائد مارکیٹ شیئر برقرار ہے۔ دنیا بھر میں ونڈوز کے صارفین کی تعداد ایک ارب تیس کروڑ کے لگ بھگ ہے۔
مائیکروسافٹ کے چیف ایگزیکٹو ساتیا نڈیلا نے لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ونڈوز 11 میں مقامی خبر رساں اداروں کو بھی براہِ راست شامل کیا گیا ہے جبکہ اس میں شامل نئے ٹولز کے تحت تخلیق کاروں کو معاوضہ بھی دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ونڈوز 11 میں گیمز کے شوقین افراد کے لیے بھی نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔ نئی ونڈوز میں گیمز کے شوقین افراد کا تجربہ بہتر کرنے کے لیے اس میں ایکس باکس ایپلی کیشن کو بھی شامل کیا گیا ہے۔