آن لائن کاروبار اب ہوگا مزید آسان، مارک زکربرگ کا نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان

Published On 23 June,2021 05:29 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) سماجی رابطوں کی مشہور ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ آن لائن کاروبار میں مزید آسانیاں پیدا کرنے کیلئے نئے فیچرز متعارف کرانے جا رہے ہیں۔

 

مارک زکربرگ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ نئے فیچرز شاپس ایڈز، انسٹاگرام وژیول سرچ، مارکیٹ پلیس اور شاپس آن وٹس ایپ پر متعارف کرائے جائیں گے۔

انہوں نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کم از کم ایک ارب افراد ہر ماہ مارکیٹ پلیس استعمال کرتے ہیں، اب ہم اسے کاروبار کرنے والوں کے لیے آسان بنا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی دکانوں کو مارکیٹ پلیس پر لائیں اور زیادہ افراد تک رسائی حاصل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ شاپس آن وٹس ایپ کے ذریعے آپ جلد ہی واٹس ایپ پر اپنی دکان سجا سکیں گے۔ آپ کسی بھی کاروبار کرنے والے سے کوئی چیز خریدنے سے قبل بات کرسکیں گے۔ کسی بھی کاروبار کو صرف ایک بار اپنی دکان قائم کرنی ہوگی اس کے بعد فیس بک، انسٹاگرام اور وٹس ایپ تمام پلیٹ فارم پر وہ کاروبار کرسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسٹاگرام وژیول سرچ کا فیچر ان مصنوعات کی تلاش میں صارفین کی مدد کرے گا جو تصویر کی بنیاد پر فروخت کی جا رہی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ جیسے وہ مزید سرمئی رنگ کی ٹی شرٹس تلاش کرنا چاہیں گے۔

فیس بک کے بانی نے شاپ ایڈز کی تفصیلات کے بارے میں لکھا کہ ہم نئے ایڈز متعارف کرا رہے ہیں تاکہ خریداری کے تجربے کو ذاتی شکل دی جائے اور آپ کو کسی بھی دکان کے سامان کی جانب مائل کیا جا سکے۔