ابوظہبی: (ویب ڈیسک) مائیکروسافٹ نے ابوظہبی انو یسٹمینٹ آفس (اے ڈی آئی او) کے اشتراک سے ’ Highway to 100 Unicorns ‘ ورچوئل کانفرنس کا آغاز کر دیا ہے۔ اس کانفرنس کا مقصد پاکستان، مشرق وسطیٰ اور ترکی کے مجموعی سٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو بہتر اور بااختیار بنانے کیساتھ ساتھ ان ممالک کے سٹارٹ اپس کو رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
’Highway to 100 Unicorns ‘ ورچوئل کانفرنس مائیکروسافٹ اور ابوظہبی انویسٹمینٹ آفس(اے ڈی آئی او) کے مابین پانچ سالہ سٹریٹیجک شراکت داری کا حصہ ہے۔ اس کانفرنس کے ضمن میں سٹارٹ اپس کی رہنمائی کے لئے متعدد ورکشاپس، مباحثے اور تقاریر منعقد کی جائے گی جس میں 100 سے زائد عالمی اور علاقائی مقررین شرکت کر رہے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل (اے ڈی آئی او) ڈاکٹر طارق بن الہندی کا اس بارے میں کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات خطے میں ایک اہم کاروباری مرکز کا درجہ رکھتا ہے، اس ضمن میں دارالحکومت ابوظہبی سٹارٹ اپس کے لیے بہترین مواقع مہیا کرتا ہے۔“
پروگرام ” Highway to 100 Unicorns “ تین ہفتوں پر محیط ہوگا جس میں اوپننگ ڈے، انویسٹر ڈے، کارپوریٹس ڈے، فاوینڈر ڈے، ٹیک ڈے، ایکسیسی بیلٹی ڈے، ایکو سسٹم ڈے، گو ٹو مارکیٹ ڈے اور گورنمنٹ ڈے شامل ہیں۔
ایم ڈی مائیکروسافٹ فار سٹارٹ اپس (ایم ای اے) رابرٹو کروسی نے پروگرام اور کانفرنس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ” سٹارٹ اپس کو مسلسل رہنمائی درکار ہوتی ہے، یہ کانفرنس اسی امر کو مدنظر رکھ کر ترتیب دی گئی ہے۔ Highway to 100 Unicorns کے ذریعے ابھرتے ہوئے سٹارٹ اپ بانی، متعدد شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کامیاب اور منجھے ہوئے انڈسٹری لیڈرز سے ابھرتے رجحانات، نت نئے کاروباری طریقوںکے بارے جان سکیں گے تاکہ مستقبل میں پیش آنے والے مسائل سے بہتر طور نبرد آزما ہو سکیں۔“
پاکستان سے ڈاکٹر سارہ سعید خرم اس کانفرنس میں شرکت کر رہی ہیں جبکہ اس کانفرنس کا مقصد سٹارٹ اپس، سرمایہ کاروں اور دیگر کاروباری شراکت داروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے ان کو درپیش مشکلات پر بحث کرنا اور ان مشکلات کا حل تلاش کرنا ہے۔
’Highway to 100 Unicorns‘ مستقبل کے معروف سٹارٹ اپس کو مائیکروسافٹ اور ابو ظہبی انو یسٹمینٹ آفس(ADIO) کے دیگر پروگراموں جیسے کہ GrowthX Accelerator میں شرکت کرنے اور ان سے استفادہ کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔