ورلڈ وائڈ ویب (www) کا کوڈ 59 لاکھ ڈالرز میں فروخت

Published On 01 July,2021 05:11 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) انٹرنیٹ کی دنیا میں تہلکہ مچانے والا ورلڈ وائڈ ویب (www) کیلئے بنایا گیا سورس کوڈ (NFT) 59 لاکھ ڈالرز میں نیلا کر دیا گیا ہے۔ اس کے موجد سر ٹم برنرز تھے۔

اس کوڈ کی ہفتہ بھر جاری رہنے والی فروخت کا انتظام نیویارک میں موجود سودیبائی کمپنی نے کیا تھا۔ اسی کوڈ نے 30 سال قبل انٹرنیٹ کی دنیا متعارف کروائی اور انسانوں کی زندگی کو بدل دیا تھا۔

انٹرنیٹ کی تاریخ کے اس مہنگے ترین کوڈ کی نیلامی میں سر ٹم برنر کا 10000 لائنوں کا کوڈ اور ان کا ایک خط بھی شامل تھا۔

خیال رہے کہ سر ٹم برنر لی نے انٹرنیٹ ایڈریس یو آر ایل (URL)، ایچ ٹی ٹی پی (HTTP) اور ایچ ٹی ایم ایل (HTML) بھی ایجاد کیا تھا جو ویب سائٹ بنانے کیلئے کوڈ لینگویج ہے۔ برنرز لی نے اس کا پیٹنٹ نہیں بنایا اور یہی وجہ ہے کہ آج ویب سائٹ تک سب کی رسائی ہے۔

سر ٹم برنرز لی نے 1989ء میں معلومات کو ایک دوسرے کیساتھ شیئر کرنے کا ایک سسٹم ایجاد کیا جس سے سائنسدانوں کو دنیا میں کہیں سے بھی ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوئی۔ وہ اس وقت سیرن ڈیٹا سینٹر کیلئے کام کرتے تھے، انہوں نے اس نیٹ ورک کو ورلڈ وائڈ ویب (www) کا نام دیا۔

اس کے بعد 1990ء اور 1991ء میں انہوں نے تہلکہ مچاتے ہوئے ایک ایسا پروگرام متعارف کروایا جس سے پہلے انٹرنیٹ براؤزر کی ایجاد ہوئی جس کے بعد ہمارے سامنے ویب سائٹ آئی۔