کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا۔ عدالت نے پی ٹی اے کو ٹک ٹاک کی بحالی کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے فیصلہ پی ٹی اے کی متفرق درخواست پر دیا۔ عدالت نے پی ٹی اے کو ایل جی بی ٹٰی سے متعلق درخواستیں جلد نمٹانے کا حکم دے دیا۔ پی ٹی اے حکام نے کہا کہ شکایت کنندہ کی درخواست پر 5 جولائی تک فیصلہ کر دیں گے۔ عدالت نے پی ٹی اے حکام کو شکایت کنندہ کی درخواست پر 5 جولائی تک فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 5 جولائی کے لیے ملتوی کر دی۔
سندھ ہائیکورٹ نے 28 جون کو ٹک ٹاک معطل کرنے کا حکم دیا۔ پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی نے 30 جون کو ٹک ٹاک کو ملک بھر میں بند کر دیا تھا۔ آج پی ٹی اے نے حکم امتناعی واپس لینے کی استدعا کی تھی۔
خوشی ہے کہ سندہ ہائیکورٹ نے TikTok پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا ہے، دنیا میں اس وقت ٹیکنالوجی کی جنگ چل رہی ہے کمپنیاں ایکدوسرے کے خلاف پراپیگنڈا کر رہی ہیں ہمارے ریگولیٹری ادارے اور جج صاحبان کو اس لڑائ سے علیحدہ رہنا چاہئے اور جو پاکستان میں سرمایہ کاری کرے اسے خوش آمدیدکہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) July 2, 2021
ادھر وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کی طرف سے ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ واپس لینا خوش آئند ہے۔
جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ دنیا میں اس وقت ٹیکنالوجی کی جنگ چل رہی ہے، کمپنیاں ایک دوسرے کے خلاف پروپیگنڈا کر رہی ہیں، ہمارے ریگولیٹری اداروں اور جج صاحبان کو اس لڑائی سے علیحدہ رہنا چاہیے اور جو پاکستان میں سرمایہ کاری کرے اسے خوش آمدید کہیں۔