سیاحتی مقامات پر فور جی سروس کی فراہمی کا منصوبہ

Published On 13 August,2021 08:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے ملک بھر میں موبائل کوریج سے محروم سیاحتی مقامات پر فورجی سروس کی فراہمی کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ کوریج سے محروم ستائیس علاقوں میں موبائل سروس فراہم کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق یونیورسل سروس فنڈ نے سیاحتی مقامات پر فورجی سروسز کی فراہمی کی تیاری مکمل کر لی ہے اور ملک بھر میں ستائیس مختلف مقامات پر موبائل فون سروسز فراہم کی جائیں گی۔

بابوسر ٹاپ، لولوسر جھیل، بابوسر پاس، سیف الملوک جھیل پر بھی موبائل سروسز فراہم کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ مشک پوری پیک اور گلیات کے دیگر علاقوں میں موبائل فون سروسز فراہم کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق یو ایس ایف کی جانب سے موبائل سروسز کی فراہمی سے متعلق ٹینڈر جاری کر دیئے گئے ہیں۔ بولیاں وصول ہونے کے بعد سروسز کی فراہمی کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔ یو ایس ایف بورڈ کی مںظوری کے بعد سروسز فراہمی کا عمل شروع ہو جائے گا۔