پی ٹی اے نے مقامی سطح پر موبائل ڈیوائسز تیار کرنے کی اجازت دیدی

Published On 10 August,2021 08:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے نجی کمپنی کو ملک میں مقامی سطح پر موبائل ڈیوائسز کی تیاری کی اجازت دے دی۔ مقامی سطح پر موبائل فون کی تیاری سے بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا۔

پی ٹی اے نے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ ریگولیشنز 2021ء کے تحت نجی کمپنی کو برانڈڈ موبائل ڈیوائسز کی تیاری کی اجازت جاری کر دی ہے۔ کمپنی نے کراچی میں عالمی سطح کے موبائل ڈیوائسز کی تیاری کے لیے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی اجازت کے لیے درخواست دی تھی۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے مطابق ملک میں نجی موبائل ڈیوائسز بنانے کی اجازت ایک اہم کامیابی ہے جس سے پاکستانی مارکیٹ میں بڑے مقامی اور غیر ملکی پلئیرز کی موجودگی کو یقینی بناتے ہوئے متحرک موبائل مینوفیکچرنگ کےماحولیاتی نظام میں بھرپور تبدیلی آئے گی۔ یہ صرف حکومت پاکستان کی "ڈیجیٹل پاکستان" کے حوالے سے جاری کوششوں کے نتیجے میں سازگار پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔

پی ٹی اے کی طرف سے اب تک 25 غیر ملکی اور مقامی کمپنیوں کو ٹو جی، تھری جی اور فور جی موبائل ڈیوائسز کی مقامی سطح پر تیاری کی اجازت دی گئی ہے۔

ان کمپنیوں کی جانب سے تیار کردہ موبائل ڈیوائسز ناصرف ملک میں فروخت ہوں گی بلکہ خطے کی دیگر مسابقتی مارکیٹ میں بھی برآمد کی جائیں گی۔

موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹس پاکستان میں صارفین کو روزگار کے نئے مواقع اور کم قیمت فون سیٹوں کی فراہمی میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔

 

Advertisement