لاہور:(ویب ڈیسک)سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک کمپنی کا نام تبدیل کئے جانے کے بعد واٹس ایپ میں بھی بڑی تبدیلی کردی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے 28 اکتوبر کو کمپنی کا نام تبدیل کرکے ’میٹا‘ رکھا تھا اور اب مذکورہ کمپنی کی زیر ملکیت تمام ایپس اور ویب سائٹس کے اپڈیٹ ورژنز پر ’فرام فیس بک‘ کے بجائے ’فرام میٹا’کا پیغام لکھنا شروع کردیا گیا ہے۔
فیس بک کی زیر ملکیتی پیغامات کی دنیا کی سب سے بڑی ایپلی کیشن واٹس ایپ نے ایک سال قبل ہی اپنی ایپ پر ’فرام فیس بک‘ شامل کیا تھا، اس سے قبل کئی سال تک وہ اپنی پیرنٹ کمپنی کا پیغام نہیں دکھاتا تھا۔
واٹس ایپ کے بعد اب جلد ہی انسٹاگرام، اوکولس اور خود فیس بک کی ایپلی کیشن پر بھی ’فرام میٹا‘ لکھا ہوا نظر آئے گا۔