لاہور:(ویب ڈیسک)پر تعیش گاڑیوں کی کمپنی ٹیسلا کے بانی ایلون مسک دنیا میں بھوک کو مٹانے کیلئے اپنی دولت میں سے 6ارب ڈالر دینے کیلئے تیار ہوگئے ہیں جس کے لئے انہوں نے اہم شرط بھی رکھ دی ہے۔
خیال رہے کہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ اور دنیا کے امیر ترین شخص تنہا ہی دنیا سے مفلسی اور بھوک کا خاتمہ کر سکتے ہیں اور یہ بات یو این رپورٹ میں کہی گئی۔
بات اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی دولت کا 2 فیصد حصہ اس دنیا کو کئی مشکلات سےنجات دینے کے لیے کافی ہو گا، اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ڈائریکٹر نے دنیا بھر میں امیر ترین افراد سے اپیل کی ہے کہ صرف ایک مرتبہ ایک ساتھ ہو کر دنیا کو بچا لیں۔
اس بات کے جواب میں ایلون مسک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) اس بات کی وضاحت کردے کہ کس طرح بھوک کے مسئلے کو حل کرے گا تو میں ٹیسلا کا سٹاک ابھی فروخت کردوں گا ،لیکن شرط یہ ہے کہ یہ سب اوپن سورس اکاؤنٹنگ کے ذریعے ہونا چاہیے تاکہ عوام کو بھی پتہ چل سکے کہ پیسہ کیسے خرچ کیا جاتا ہے۔