گوگل سے نمبرون ویب سائٹ کا اعزاز چھن گیا

Published On 23 December,2021 09:37 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)دنیا کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی ویب سائٹ گوگل سے نمبر ون کا اعزاز چھن گیا ہے اور اس کی جگہ ٹک ٹاک نے لے لی ہے۔

امریکا کی مشہور ٹیکنالوجی سکیورٹی فراہم کرنے والی کمپنی کلاؤڈ فلیئر کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ ٹک ٹاک کا ڈومین ( ویب ایڈریس) گوگل کو مات دے کردنیا بھر میں صف اول ہوگیا ہے۔ 2020 میں نمبر ون کا اعزاز گوگل کے پاس تھا، دوسرے نمبر پر فیس بک اور ٹک ٹاک اس فہرست میں ساتویں نمبر پر تھا۔

واضح رہے کہ ٹک ٹاک ایک چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے جہاں صارفین ہر قسم کا مواد مختصر ویڈیوز کی صورت میں بنا کر دنیا کے سامنے پیش کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک کی مقبولیت رواں سال نومبر 2021 کے آخر تک تیزی سے بڑھتی رہی اور اب اس نے گوگل کو شکست دیکر دنیا کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویب سائٹ کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

اس سے قبل ستمبر 2021 میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ٹک ٹاک نہ صرف پوری دنیا میں بلکہ امریکہ میں بھی تیزی سے مقبول ہونے والی سوشل میڈیا ایپ بن گئی ہے، جسے ہر عمر کے لوگ استعمال کر رہے ہیں۔

چینی ٹیکنالوجی کمپنی بائٹ ڈانس نے 2018 میں میوزیکل ایپ خریدی اور اسے اپنے مقامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ڈویان کے ساتھ ضم کر کے ٹک ٹاک ایپ لانچ کی جس نے صرف ایک سال میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنائے۔

ایک اور ویب سائٹ کے مطابق انٹرنیٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی چینی ویب سائٹ کو دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویب سائٹ قرار دیا گیا ہے۔
 

Advertisement