کراچی:(دنیا نیوز) سندھ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کیلئے سافٹ ویئر بنا لیا، تمام محکمہ جات اپنی پلاننگ آن لائن جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔
چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت کے زیر صدارت اجلا س میں تمام محکموں کے سیکریٹری شریک ہوئے، اجلاس میں چیئر مین پلاننگ بورڈ سید حسن نقوی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈیجیٹل سافٹ ویئر کے تحت تمام محکمے اپنے دفاتر سے آن لائین PC-I بھیج کر منصوبوں کی منظوری لیں گے، تمام سیکریٹریز کی آئی ڈیز بھی بنائی ہیں اور فوکل پرسن بھی مقرر کئے ہیں، تمام سیکریٹریز اور متعلقہ افسران کو اس حوالے سے تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ مالی سال 2022-23 میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے 332 بلین روپے رکھے گئے ہیں، 4100 سے زائد ترقیاتی منصوبے شامل ہیں، تمام سیکریٹریز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کے منصوبوں کو وقت پر مکمل کیا جائے اور کوالٹی کو یقینی بنایا جائے۔