3 چینی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن سے 6 ماہ بعد بحفاظت واپس لوٹ آئے

Published On 06 December,2022 06:18 am

بیجنگ : (ویب ڈیسک ) 3 چینی خلاباز چین کے خلائی اسٹیشن پر چھ ماہ کا مشن مکمل کرنے کے بعد بحفاظت واپس لوٹ آئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 3 چینی خلا باز چھ ماہ خلائی سٹیشن میں رہنے کے بعد اتوار کے روز خلائی جہاز شینزو 14 کے ذریعے منگولیا کے علاقے میں ڈونگفینگ لینڈنگ سائٹ پر بحفاظت واپس پہنچے۔

تینوں خلابازوں نے خلائی اسٹیشن کمپلیکس میں 183 دنوں تک رہائش رکھی اور کام کیا، ان کی جگہ 29 نومبر کو شینزو15 خلائی جہاز کے ذریعے زیر تعمیر خلائی سٹیشن پر مزید تین خلابازگئے ہیں۔

خلابازوں کو 5 جون کو خلائی اسٹیشن بھیجا گیا تھا، خلابازوں نے خلائی سٹیشن میں مختلف کام مکمل کئے جن میں شینزو15 کے عملے کے ساتھ مدار میں گردش مکمل کرنا شامل تھا۔

رپورٹس کے مطابق خلابازوں نے خلائی اسٹیشن کمپلیکس کی حیثیت کا تعین کیا، تجرباتی ڈیٹا کو چھانٹا اور ڈاؤن لوڈ کیا، مدار میں رکھے گئے سامان کی صفائی اور دوسری جگہ منتقلی بھی کی۔

خلائی سٹیشن کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد چین خلا میں اپنا خلائی سٹیشن رکھنے والا واحد ملک ہوگا۔
 

Advertisement