اینڈرائیڈ فون میں موجود نقص سے ہیکرز فائدہ اٹھا سکتے ہیں

Published On 01 January,2023 09:58 am

ٹیکساس: (ویب ڈیسک) محققین کی ٹیم نے اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں ایک نقص دریافت کیا ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہیکرز صارفین کی فون کالز سن سکتے ہیں۔

پانچ امریکی یونیورسٹیوں کے ماہرین کی مشترکہ کوششوں سے بنائے جانے والے ’ایئر اسپائی‘ نامی میلویئر کو موبائل ڈیوائس کے کان کی جگہ نصب سپیکر سے نکلنے والی گونج سے بننے والی موشن سینسر ڈیٹا رِیڈنگ کو گرفت میں لے کر باتیں سننے کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

محققین نے جب سمارٹ فون کے لاؤڈ سپیکرز پر تجربہ کیا تو کان کی جگہ پر لگے سپیکر کو کن سوئیوں کے لئے ارتعاش کی مطلوبہ مقدار پیدا کرنے کے حوالے سے کافی کمزور پایا گیا۔

تاہم، جدید سمارٹ فونز میں استعمال کئے گئے اسٹیریو سپیکرز چند برس قبل بننے والے سمارٹ فونز کی نسبت زیادہ ہیں، ان سپیکرز کی آواز کا معیار بہتر ہوتا ہے اور یہ طاقتور لہریں پیدا کرتے ہیں، بالکل ایسے ہی جدید ڈیوائسز میں زیادہ حساس موشن سینسر اور جائیرو اسکوپس استعمال کئے جاتے ہیں جو سپیکر سے نکلنے والی باریک سی گونج بھی ریکارڈ کر سکتے ہیں۔

تجربے میں دیکھا گیا کہ 2016 کے ون پلس 3 ٹی کے ایئر فون نے اسپیکٹروگرام پر بمشکل ہی کوئی ڈیٹا ظاہر کیا جبکہ 2019 کے ون پلس 7 ٹی نے واضح طور پر زیادہ مقدار میں ڈیٹا اکٹھا کیا تھا۔

ایئر اسپائی میلویئر بنانے والی جامعات میں ٹیکساس اے اینڈ ایم یونیورسٹی، نیو جرسی اِنسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، ٹیمپل یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ڈے ٹن اور رٹگرز یونیورسٹی شامل تھیں۔