بھارت کا تمام سمارٹ فونز میں 'ٹائپ سی' چارجنگ پورٹ استعمال کرنے کا حکم

Published On 30 December,2022 11:44 pm

ممبئی : (ویب ڈیسک) یورپی یونین کے بعد بھارت نے بھی موبائل ڈیوائسز کی چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی چارجنگ پورٹ کا استعمال لازمی قرار دے دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداے کی ایک رپورٹ کے مطابق مارچ 2025 تک بھارت میں تمام موبائل ڈیوائسز کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی چارجنگ پورٹ کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کا مقصد اسمارٹ فونز کے لیے ایک چارجر اور کیبل کے استعمال کو یقینی بنانا ہے۔

بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز (بی آئی ایس) کی جانب سے تمام موبائل فونز کے لیے ایک چارجر اور کیبل کے استعمال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔اس پابندی کا اطلاق تمام کمپنیوں پر ہوگا۔

اس سے قبل یورپی یونین نے موبائل ڈیوائسز تیار کرنے والی کمپنیوں کو 28 دسمبر 2024 تک یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔

بھارتی وزارت کنزیومر افیئرز کے سیکرٹری روہت کمار سنگھ نے بتایا کہ انڈسٹری اور حکومت میں اس حوالے سے اتفاق پایا جاتا ہے کہ یورپی یونین کے فیصلے کے بعد یو ایس بی ٹائپ سی چارجنگ پورٹس کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔

خیال رہے کہ یورپی یونین کی جانب سے اکتوبر 2022 میں ایک قانون کی منظوری دی گئی تھی جس کے تحت یورپ میں تمام موبائل فونز، ٹیبلیٹس اور کیمروں کے لیے ایک ہی چارجنگ پورٹ کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا۔