ٹوئٹر ایک اور بڑی تبدیلی کرنے کیلئے تیار

Published On 01 January,2023 09:16 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سماجی رابطوں کے مشہور و مقبول پلیٹ فارم ٹوئٹر نے ایک اور بڑی تبدیلی کرنے کی تیاری کر لی۔

سوشل میڈیا کمپنی ٹوئٹر میں ایلون مسک کی جانب سے کنٹرول سنبھالے جانے کے بعد سے کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں، سال 2023 میں بھی ان تبدیلیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

سال 2023ء کے آغاز میں ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں نیوی گیشن یا مواد کی تلاش کے طریقہ کار کو تبدیل کیا جا رہا ہے، ایلون مسک نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں بتایا ہے کہ ٹوئٹر کا نیا نیوی گیشن فیچر جنوری میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔

نئے فیچر کی بدولت ٹوئٹر کی نیوز فیڈ کئی حصوں میں تقسیم ہو جائے گی یعنی صارف سائیڈ سویپ کر کے ٹاپ، لیٹسٹ، ٹرینڈنگ اور دیگر تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

اس وقت ٹوئٹر میں تاریخ وار ٹائم لائن اور ہوم ٹائم لائن کو استعمال کیا جاتا ہے، جن میں پوسٹس نئی ٹویٹس سب سے اوپر ہوتی ہیں یا مواد الگورتھم استعمال کے حساب سے طے کرتا ہے۔

مگر اس نئے فیچر سے دائیں بائیں سویپ کر کے اپنی پسند کے مواد تک رسائی آسان ہو جائے گی۔

خیال رہے کہ 2022 کے آخر میں ٹوئٹر میں کئی تبدیلیاں کی گئیں۔ جن میں بلیو ٹک کے لیے ماہانہ فیس کی ادائیگی، 60 منٹ طویل ویڈیوز پوسٹ کرنا اور ویو کاؤنٹ وغیرہ شامل ہیں۔