امریکی رگبی کھلاڑی ڈیمر ہیملن کو میچ کے دوران ہارٹ اٹیک

Published On 03 January,2023 06:57 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک)یو ایس نیشنل فٹبال لیگ کے ایک میچ کے دوران بفیلو بلز سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ ڈیمر ہیملن سنسناٹی بینگلز سے تعلق رکھنے والے ایک کھلاڑی سے ٹکرانے کے بعد زمین پر گرگئے تھے۔

انہیں ہسپتال منتقل کرنے سے قبل 30 منٹ تک میدان میں ہی طبی امداد دی گئی، واقعے کے ایک گھنٹے بعد رگبی میچ کو معطل کردیا گیا تھا۔

بعد ازاں بفیلو بلز کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا کہ ڈیمر ہیملن کی حرکت قلب تھم گئی تھی جسے میدان میں بحال کیا گیا، اس واقعے کے بعد ڈیمر ہیملن کے لیے چند گھنٹوں میں 30 لاکھ ڈالرز کے عطیات جمع کیے گئے۔

مخالف کھلاڑی نے ڈیمر ہیملن کو روکنے کے لیے سر سے سینے پر ٹکر ماری تھی جس کے بعد وہ پہلے گھٹنوں کے بل بیٹھ گئے اور پھر زمین پر ڈھیر ہوگئے۔

دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ڈیمر ہیملن کے گرد جمع ہوگئے جبکہ طبی عملے کی جانب سے ایمرجنسی امداد فراہم کی گئی،اس موقع پر ٹی وی کوریج کو روک دیا گیا تھا جبکہ سٹیڈیم میں موجود ہجوم پر سکتہ طاری ہوگیا تھا۔