چین : کورونا ویکسین کی فراہمی سے متعلق یورپی یونین کی پیشکش مسترد

Published On 04 January,2023 04:22 am

بیجنگ : ( ویب ڈیسک ) چین نے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے پر یورپی یونین کی جانب سے ویکسین فراہمی کی بڑی پیشکش مسترد کر دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے کمشنر کائریا کائیڈس نے اپنے چینی ہم منصب سے بات کرتے ہوئے انہیں منظور شدہ ویکسین عطیہ کے طور پر فراہم کرنے کی پیش کش کی تھی جسے چین کی جانب سے مسترد کر دیا گیا ہے۔

چین نے یورپی یونین کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا اس کے پاس کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ویکسین کی وافر مقدار پہلے سے ہی موجود ہے۔

حکومت نے اب تک صرف چینی ساختہ ویکسین استعمال کرنے پر اصرار کیا ہے، جو اومیکرون ویریئنٹ کے خلاف دیگر مغربی ویکسینز کے مقابلے میں کم موثر ثابت ہوئی ہے۔

علاوہ ازیں چینی حکومت نے کہا ہے کہ متعدد ممالک کی طرف سے چین آمد پر عائد سفری پابندیاں سیاسی طور پر محرک ہیں جس پر چین جوابی کارروائی کر سکتا ہے۔

منگل کو چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بیجنگ دنیا کے ساتھ رابطے کو بہتر بنانے کے لیے تیار ہے تاہم حکومت سیاسی مقاصد کے لیے وبا کی روک تھام اور کنٹرول کے اقدامات میں ہیرا پھیری کی کوششوں کی سختی سے مخالفت کرتی ہے۔