جسمانی تھکاوٹ یا چستی بتانے والی سمارٹ واچ تیار

Published On 05 January,2023 09:17 pm

لاس ویگاس: (ویب ڈیسک) معروف گھڑی ساز کمپنی سٹیزن نے جسمانی تھکاوٹ یا چستی بتانے والی گھڑی کا اعلان کیا ہے۔

سمارٹ واچ کی دوڑ میں کئی کمپنیاں کود پڑی ہیں اور اب سٹیزن کمپنی نے اپنی سی زیڈ سمارٹ گھڑی کا اعلان کیا ہے جس میں ناسا کی وہ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو خلانوردوں کے چاق و چوبند یا تھکاوٹ کے عمل کو ظاہر کرتی ہے۔

اس سے قبل سٹیزن کی پہلی سمارٹ واچ بری طرح ناکام ہوئی تھی، اب سٹیزن نے اگلےماہ کنزیومر الیکٹرانک شو میں اپنی دوسری ’سی زیڈ سمارٹ واچ‘ پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس گھڑی میں آئی بی ایم کے واٹسن سپرکمپیوٹر اور کمپنی کی ایپ کی مدد سے پہننے والے کی جسمانی کیفیت معلوم کی جاسکتی ہے، بطورِ خاص یہ ٹیکنالوجی ڈرائیور حضرات کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ یہ انسانی تھکاوٹ، یا ان کے چوکنا ہونے کی خبر دے سکے گی۔

سمارٹ واچ ناسا کے سائیکوموٹر ویجیلنس ٹاسک ٹیسٹ (پی وی ٹی پلس) کی طرز پر تھکاوٹ یا تازہ دم ہونے کےمختلف درجے بیان کرسکتی ہے۔

ناسا یہ ٹیکنالوجی اب بھی خلانوردوں کے لیے استعمال کررہی ہے۔ اسمارٹ واچ میں ایک جی بی ریم اور 8 جی بی اسٹوریج موجود ہے جبکہ اسنیپ ڈریگن 4100 پلیس پروسیسر نصب کیا گیا ہے۔