فیس بک نے قابل اعتراض تصاویر ہٹانے کیلئے ٹول متعارف کرا دیا

Published On 02 March,2023 03:45 am

کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) فیس بک کی جانب سے کم عمر اور کم سن بچوں کی قابل اعتراض اور فحش تصاویر کو از خود ہٹانے کے لیے نیا آن لائن ٹول متعارف کرادیا گیا جسے دنیا میں ہر شخص با آسانی استعمال کر سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے آن لائن ٹول امریکی ادارے این سی ایم ای سی کے اشتراک سے متعارف کرایا ہے اور اس کا مکمل اختیار بھی ادارے کو ہی دیا گیا ہے۔

این سی ایم ای سی ایک امریکی ادارہ ہے جو لاپتہ اور جنسی استحصال کے شکار بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتا ہے۔

قابل اعتراض تصاویر کو ہٹانے کے لیے مختلف ویب سائٹس کو اس ٹول کے ساتھ معاہدہ کرنا ہوگا، تاہم ابھی اس ٹول کے ذریعے تصاویر کو ہٹانے کی رضامندی چند ویب سائٹس نے ہی دکھائی ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ ٹول کے ذریعے صرف 18 سال سے کم عمر افراد کی وہی تصاویر ہی انٹرنیٹ سے ہٹائی جائیں گی جنہیں فحش اندازمیں ایڈٹ کرکے پیش کیا گیا ہوگا۔