ٹیسلا کا چین میں نئی بیٹری فیکٹری بنانے کا اعلان

Published On 11 April,2023 02:31 am

ٹیکساس : ( ویب ڈیسک ) دنیا کی امیر ترین شخصیت ایلون مسک کی الیکٹرک کار کمپنی ٹیسلا نے اعلان کیا ہے وہ چین میں اپنی بڑے پیمانے پر بیٹریاں بنانے کے لیے ایک نئی فیکٹری بنا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق فرم کا کہنا ہے کہ شنگھائی میں بنایا جانے والا نیا پلانٹ اپنے میگا پیک کے 10,000 انرجی سٹوریج یونٹ ایک سال میں تیار کر سکے گا۔

میگا پیک ایک بہت بڑی بیٹری ہے جو توانائی کے گرڈ کو مستحکم کرنے اور بجلی کی بندش کو روکنے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔

ٹیسلا کا پہلے ہی کیلیفورنیا میں میگا پیک پلانٹ ہے جو ہر سال 10,000 یونٹس بھی تیار کرتا ہے۔

ایلون مسک نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ نیا چینی پلانٹ ٹیسلا کی امریکی فیکٹری کے علاوہ ہوگا۔

چین میں نئے میگا پیک پلانٹ کی تعمیر کا کام اس سال کے آخر میں شروع ہونے کی امید ہے، چینی سرکاری میڈیا آؤٹ لیٹ شنہوا کے مطابق، 2024 کے موسم گرما تک بیٹری کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔

خیال رہے کہ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی حکومت بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان امریکی کمپنیوں پر چین پر کم انحصار کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔