لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں موبائل انٹرنیٹ سروس کی بدستور بندش کے باعث ٹیلی کام کمپنیوں اور حکومتی محصولات کو بھاری مالیاتی خسارے کا سامنا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ منگل سے انٹریٹ سروس کی بندش سے ٹیلی کام سیکٹر کو 82 کروڑ روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے، موبائل انٹرنیٹ کے تعطل سے حکومتی محصولات میں بھی 28 کروڑ روپے کی کمی واقع ہوئی ہے، موبائل انٹرنیٹ پر منحصر ایپس بند ہونے سے ان سے منسلک افراد کی دیہاڑی شدید متاثر ہوئی۔
انٹرنیٹ سروس کی بندش سے ڈیجیٹل ادائیگیاں، کریڈٹ کارڈز بھی متاثر ہوئے جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ٹیلی کام انڈسٹری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ موبائل فون انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 12.50 کروڑ ہے اور منگل کی شب سے موبائل انٹرنیٹ سروس بدستور بند ہونے سے موبائل کمپنیوں کو بھاری مالی نقصانات کا سامنا ہے، موبائل انٹرنیٹ بند ہونے سے حکومت کو ٹیکس ریونیو بھی کم موصول ہوئے ہیں۔