لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے۔
چیئرمین تحریک انصاف اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے مختلف مقدمات میں ضمانت کے بعد براستہ موٹر وے وفاقی دارالحکومت سے ایک قافلہ کی صورت میں ٹھوکر نیاز بیگ لاہور پہنچے جہاں بڑی تعداد میں موجود کارکنان کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے اس موقع پر سابق وزیر اعظم کے حق میں نعرے بازی کی گئی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے گئے۔
بعدازاں عمران خان اپنی رہائش گاہ زمان پارک پہنچے اور وہاں بھی ان کے استقبال کے لئے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی ، زمان پارک میں ڈھول کی تھاپ پر گھوڑوں کے رقص کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ کارکنان کی جانب سے آتش بازی بھی کی گئی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد ان کی گرفتاری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا جہاں عدالت عظمیٰ کی جانب سے ان کی گرفتاری غیر قانونی قرار دی گئی۔
عدالت عظمیٰ نے اپنے مختصر آرڈر میں عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد گزشتہ روز وہ عدالت عالیہ میں پیش ہوئے اور ان کے وکلا کی جانب سے مختلف مقدمات میں ضمانت کے لئے درخواستیں دائر کی گئیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کی عبوری ضمانت 2 ہفتے کیلئے منظور کی جبکہ عدالت عالیہ نے عمران خان کو ملک بھر میں درج کسی بھی مقدمے میں پیر تک گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم کئی گھنٹے انتظار کے بعد گزشتہ رات اسلام آباد ہائیکورٹ سے زمان پارک لاہور کے لیے روانہ ہو ئے تھے۔