اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی روانگی میں تاخیر پر انتظامیہ کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 15 منٹ میں روٹ کلیئر کر کے ہائیکورٹ سے روانہ نہ کیا گیا تو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ضمانت منظور ہونے کے گھنٹوں بعد بھی راستے کھلنے کا انتظار کر رہا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے لاہور روانگی میں تاخیر
عمران خان نے عوام سے پُر امن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میری ضمانت ہو چکی ہے، لاہور کے لئے روانہ ہونا ہے، سڑکوں پر موجود کارکنان راستے کھلوانے میں مدد کریں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ راستے کلیئر ہوں گے تو ہی زمان پارک کے لئے روانہ ہو سکوں گا، عوام راستے کھلوانے کے لئے تعاون کریں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو پیر تک کسی بھی مقدمہ میں گرفتار نہ کرنے کا حکم
دریں اثنا آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئے، ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس ایس پی آپریشن پہلے سے موجود ہیں، عمران خان کا ذاتی سکیورٹی سکواڈ اور گاڑیاں بھی ہائیکورٹ پہنچ گئیں۔
عمران خان کی گاڑیوں کو ہائیکورٹ داخلے کی اجازت نہ ملی، پولیس کی جانب سے عمران خان کی ذاتی گاڑیوں اور محافظوں کو روک دیا گیا، عمران خان کی گاڑیاں ڈی سی آفس کے قریب کھڑی کر دی گئیں۔