کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) ایپل کے ایک سابق انجینئر پر چین فرار ہونے کے تقریباً پانچ سال بعد کمپنی کی سیلف ڈرائیونگ کار ٹیکنالوجی چوری کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق استغاثہ نے 35 سالہ ویباؤ وانگ پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے ایک بے نام چینی کمپنی کے لیے خفیہ طور پر کام کرتے ہوئے ملکیتی معلومات پر مشتمل ہزاروں فائلیں چرائی ہیں۔
یہ تیسرا موقع ہے جب ایپل کے کسی سابق ملازم پر چین کے لیے خود مختار ٹیکنالوجی کے راز چرانے کا الزام لگایا گیا ہے۔
محکمہ انصاف کا الزام ہے کہ وانگ نے ایپل کا پورا خود مختار سورس کوڈ اور ساتھ ہی سسٹم کے پیچھے موجود ہارڈ ویئر کو چرا لیا ہے۔
محکمہ انصاف کا کہنا تھا کہ وانگ نے اس پروجیکٹ کے بارے میں ایک رازداری کے معاہدے پر دستخط کیے، جو اس وقت کمپنی کے اندر بہت کم لوگوں کو معلوم تھا۔
وانگ کے گھر سے ضبط کیے گئے آلات کے تجزیے سے معلوم ہوا کہ اس نے سیلف ڈرائیونگ کار ٹیکنالوجی پر ایپل کے ڈیٹا کی بڑی مقدار محفوظ کر رکھی تھی۔
خیال رہے کہ ایپل کے دو دیگر سابق ملازمین پر پہلے بھی اسی طرح کے مقدمات میں فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔