حکومت نے سوشل میڈیا رولز کی تیاری پر کام تیز کر دیا

Published On 18 May,2023 06:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سوشل میڈیا پر جاری نفرت انگیز پروپیگنڈا کی روک تھام کے سلسلہ میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے سوشل میڈیا رولز کی تیاری پر کام تیز کر دیا۔

سوشل میڈیا قواعد و ضوابط کی تشکیل کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے، وزیر قانون کے زیر سرپرستی ٹاسک فورس سوشل میڈیا رولز پر کام کر رہی ہے، وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین نے آئندہ دو سے تین ہفتوں میں رولز کابینہ میں پیش کرنے کا عندیہ دیدیا۔

سید امین الحق نے کہا کہ گوگل، ٹوئٹر، فیس بک سمیت تمام بین الاقوامی سٹیک ہولڈرز کو مشاورت میں شامل کیا گیا ہے، سوشل میڈیا سے متعلق نئے رولز جلد وزارت کی ویب سائٹ پر جاری کئے جائیں گے، دو سے تین ہفتوں میں سوشل میڈیا نئے رولز منظوری کے لئے پیش کئے جائیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے استعمال میں دو چیزوں پر سمجھوتہ نہیں ہو گا، نئے رولز میں قومی سلامتی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا، دوسرا غیر اخلاقی مواد پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

سید امین الحق نے کہا کہ سوشل میڈیا ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام میں مقبول ہو رہا ہے، سوشل میڈیا صارفین کو سروس کے استعمال میں احتیاط کرنی چاہے، پاکستان، مقتدر حلقوں کے خلاف مواد سے اجتناب برتا جائے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پابندی کسی مسئلے کا حل نہیں، آزادی ہونی چاہئے جمہوری اقدار کو آگے بڑھنا چاہئے۔

Advertisement