تائیوان: (ویب ڈیسک) مزید 62 چاندوں کی دریافت کے بعد سیارہ زحل کائنات میں سب سے زیادہ 145 چاندوں والا سیارہ بن گیا ہے۔
بین الاقوامی فلکیاتی یونین نے سیارہ زحل کے باضابطہ طور پر مزید 62 چاندوں کا اعلان کیا ہے جس کے بعد زحل کے مجموعی چاندوں کی کل تعداد 145 ہوگئی ہے، سب سے عظیم چاند ٹائٹن ہے جبکہ دوسری جانب اینسلیڈس نامی چاند موجود ہیں جہاں حیات کے بنیادی سالمات پائے گئے ہیں۔
نئے چاندوں کی دریافتیں ایک تکنیک ’شفٹ اینڈ اسٹیک‘ کی مدد سے تائیوان کے ’اکیڈمیہ سینیکا انسٹی ٹیوٹ آف ایسٹرونامی‘ کے ایڈورڈ ایشٹن نے کی ہیں، اس ٹیکنالوجی میں چھوٹے اور مدھم چاندوں کو تلاش کیا جاتا ہے۔ اس میں چاندوں کی تصاویر کو دیکھا گیا جو یکساں رفتار سے حرکت کررہے تھے اور ان سے سگنلوں کو پڑھا جاتا ہے۔
کینیڈا اور فرانس کے ماہرین نے ہوائی دوربین (CFHT) کی مدد سے سال 2019 سے 2021 تک ڈیٹا کا جائزہ لیا، پھر کئی برس تک ان تمام مشکوک چاندوں کا جائزہ لیا گیا اوراب تسلی ہونے کے بعد اس کا اعلان کیا گیا ہے۔
تاہم نئے چاند بے ضابطہ چاند ہیں اور غالب امکان ہے کہ آوارہ گھوم رہے تھے کہ زحل کی ثقلی قوت نے انہیں لپک لیا اور اپنے مدار سے باندھ دیا، یہی وجہ ہے کہ اب زحل کے باقاعدہ 24 چاند ہیں اور 121 بے ضابطہ چاند ہوچکے ہیں۔