میانمار میں سمندری طوفان ’ موچا ‘ سے درجنوں افراد ہلاک

Published On 17 May,2023 06:25 am

نیپیداو : ( ویب ڈیسک ) میانمار میں آنے والے خوفناک سمندری طوفان ’ موچا ‘ کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقامی لوگوں نے بتایا کہ اتوار کو میانمار سے ٹکرانے والے طاقتور طوفان سے کم از کم 40 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

طوفان ’ موچا ‘ اس صدی میں اس خطے میں لینڈ فال کرنے والے سب سے مضبوط طوفانوں میں سے ایک تھا جس میں تقریباً 209 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔

رپورٹس کے مطابق زیادہ تر تصدیق شدہ اموات ریاست رخائن، وسطی میانمار ، ساگانگ اور میگ وے کے علاقوں میں ہوئی ہیں جبکہ فوج نے ملک بھر میں 21 ہلاکتوں کا اعلان کیا ہے۔

غیر مصدقہ اطلاعات میں مرنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، خاص طور پر ان کیمپوں میں جہاں اندرونی طور پر بے گھر روہنگیا اقلیت رہتے ہیں۔

طوفان کے باعث سینکڑوں گھر اور پناہ گاہیں منہدم ہو چکی ہیں، ملک میں مواصلات کا نظام بھی مشکلات کا شکار ہے اور لوگ اب بھی لاپتہ ہیں اس لیے مرنے والوں کی تعداد کے اندازے مختلف ہیں۔

ریاست رخائن کے دارالحکومت سیٹوے میں اکھڑے ہوئے درختوں اور گرے ہوئے بجلی کے کھمبوں نے سڑکیں بند کر دی ہیں۔

دوسری جانب سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے یہ طوفان زیادہ مضبوط اور بار بار آئے ہیں۔