ویلنگٹن : ( ویب ڈیسک ) نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ویلنگٹن میں ایک ہاسٹل کی عمارت میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 6 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔
کیویز میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ بجھانے والے ہنگامی عملے کو ایڈیلیڈ روڈ پر واقع لوفرز لاج ہاسٹل کی اوپری منزل پر آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی تو عملے نے جلد وہاں پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔
ریسکیو عملہ آگ سے متاثرہ عمارت سے 52 افراد کو بحفاظت نکالنے میں کامیاب ہوا جبکہ 30 افراد تاحال لاپتہ ہیں، زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے اور چار کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
سکیورٹی حکام کی جانب سے آگ جان بوجھ کر لگائی جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرس ہپکنز نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ہاسٹل میں آگ لگنے سے کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور دیگر لاپتہ ہیں جبکہ مرنے والوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔
کیویز وزیر اعظم نے حادثے کو افسوسناک قرار دیا اور مقامی فائر فائٹرز کو خراج تحسین پیش کیا۔