انقرہ: (دنیا نیوز) ترکیہ کی تاریخ میں پہلی بار صدارتی الیکشن سخت مقابلے کے بعد رن آف مرحلہ میں داخل ہو گیا، صدر کے انتخاب کیلئے دوبارہ ووٹنگ 28 مئی کو ہوگی۔
ترکیہ پارلیمانی انتخابات میں پیپلز الائنس 322 سیٹیں جیت گئی جبکہ نیشنل الائنس نے 212 سیٹیں اپنے نام کیں۔
رجب طیب اردگان کو 2 کروڑ 70 لاکھ 88 ہزار سے زائد ووٹ پڑے جس کا مجموعی تناسب 49.5 فیصد رہا، رجب طیب اردگان کے حریف کمال دار اوغلو بھی 2 کروڑ 45 لاکھ 68 ہزار سے زائد ووٹ لینے میں کامیاب رہے جس کا تناسب 44.89 فیصد رہا۔
رجب طیب اردگان نے رن آف مرحلے کے چیلنج کو کھلے دل سے قبول کرتے ہوئے عوام کے فیصلہ پر سر تسلیم خم کرنے کا اعلان کر دیا، ترکیہ میں منعقدہ صدارتی و پارلیمانی انتخابات میں شرکت کی شرح 90 فیصد کے لگ بھگ رہی تاہم یورپی ممالک میں انتخابات میں شرکت کی سب سے زیادہ شرح 65 فیصد ہے۔