صدارتی انتخابات میں ہمیں واضح برتری حاصل ہے: ترک صدر طیب اردوان

Published On 15 May,2023 07:45 am

انقرہ : ( ویب ڈیسک ) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ انہیں صدارتی انتخابات میں واضح برتری حاصل ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق دارالحکومت انقرہ میں اے کے پارٹی کے ہیڈ کوارٹر میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ ڈومیسٹک اور فارن ووٹوں کی گنتی ابھی جاری ہے، ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم بہت آگے ہیں۔

اردوان نے کہا کہ انہوں نے اپنے قریبی حریف سے تقریباً 2.6 ملین زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں اور حتمی نتائج میں یہ تعداد بڑھ جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کو ترکیہ نے 14 مئی کے انتخابات کے ساتھ ایک اور جمہوری تہوار مکمل کر لیا ہے اور عوام نے اس بار ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ دیکھا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جن لوگوں نے پارلیمنٹ میں ہمارے اتحاد کو اکثریت دی وہ یقیناً صدارتی انتخابات میں استحکام کا ساتھ دیں گے۔

یاد رہے کہ ترکیہ کے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے، ابتدائی نتائج کے مطابق صدر اردوان پہلے جبکہ کمال قلیچ داراوغلو دوسرے اور سنان اوغان تیسرے نمبر پر ہیں۔

خیال رہے کہ تینوں صدارتی امیدواروں میں سے اب تک کوئی بھی 50 فیصد ووٹ حاصل نہیں کر سکا ہے اور اگر کوئی امیدوار ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں آدھے سے زیادہ ووٹ حاصل نہیں کرتا ہے تو 28 مئی کو رن آف ہوگا۔ 

Advertisement