ترکیہ انتخابات: ووٹوں کی گنتی جاری، اردوان کو برتری حاصل

Published On 15 May,2023 03:25 am

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکیہ کے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے، ابتدائی نتائج کے مطابق صدر رجب طیب اردوان پہلے جبکہ کمال قلیچ داراوغلو دوسرے اور سنان اوغان تیسرے نمبر پر ہیں۔

ترک میڈیا کے مطابق صدارتی انتخابات میں 98.31 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو گئی ہے اور اب تک کے نتائج کے مطابق اردوان 49.35 فیصد ووٹ لیکر آگے جبکہ کمال قلیچ دار اوغلو44.99 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے اور سنان اوغان اب تک 5.23 فیصد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب پارلیمنٹ کی 600 نشستوں میں سے حکومتی اتحاد نے 322 سیٹیں جیت کر کامیابی حاصل کرلی ہے۔

ترکیہ کی سپریم کونسل چیئرمین احمد ینر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ترکیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی زیادہ پارٹیاں انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں، صدر رجب طیب، کمال قلیچ دار اوغلو اور سنان اوغنان براہ راست صدارت کے عہدے کیلئے امیدوار ہیں، محرم اینجہ الیکشن سے قبل اپنی دستبرداری کا اعلان کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ صدارتی امیدوار کو کامیابی کے لیے 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنا ہوں گے ، رپورٹس کے مطابق فیصلہ نہ ہوسکا تو زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں کے درمیان 28 مئی کو دوبارہ مقابلہ ہوگا۔