فلائٹ ٹیکٹیکل مشق 'اناطولین ایگل-2023' کا قونیا، ترکیہ میں آغاز

Published On 03 May,2023 06:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق فلائٹ ٹیکٹیکل مشق 'اناطولین ایگل-2023' کا قونیا، ترکیہ میں آغاز ہو گیا۔

ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ کے ایف-16 لڑاکا طیاروں کے ساتھ ساتھ ایئر اینڈ گراؤنڈ عملہ بھی مشق میں شریک ہے، سالانہ مشق اناطولین ایگل کی میزبانی ترک فضائیہ کی جانب سے کی جا رہی ہے۔

پاک فضائیہ کے ترجمان نے بتایا کہ بین الاقوامی مشق دنیا کی سب سے بڑی اور پیچیدہ مشترکہ فضائی مشقوں میں سے ایک ہے، مشق کا مقصد شریک ممالک کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ مشترکہ تربیت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

مشق اناطولین ایگل حقیقی فضائی جنگ کے پس منظر میں، شریک فضائی افواج کو اپنی آپریشنل تیاریاں جانچنے کا موقع فراہم کرتی ہے، مشق کے ساتویں ایڈیشن میں پاکستان، ترکیہ، آذربائیجان، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کی فضائی افواج شریک ہیں۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق عصر حاضر کی تزویراتی صورتحال کے پیش نظر یہ مشق پاک فضائیہ کی دوست ممالک کے ساتھ مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو بہتر بنائے گی۔

Advertisement