نئی دہلی: (ویب ڈیسک) پولنگ سے 12دن قبل انتقال کرجانے والی مسلم امیدوار نے الیکشن جیت لیا۔
بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر بجنور کے باسیوں نے بلدیاتی امیدوار 30 سالہ آسیہ بی بی کو انتقال کر جانے کے باوجود ووٹ دیکر کامیابی سے ہمکنار کرادیا، ووٹرز نے ایسا ان سے کیا گیا وعدہ نبھانے اور انھیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اپنی نوعیت کے اس انوکھے واقعے میں مرحومہ آسیہ بی بی نے 44 فیصد ووٹ حاصل کر کے فتح حاصل کرلی، ان کا انتقال پولنگ کے دن سے 12 روز قبل پھیپھڑوں اور پیٹ کے انفیکشن کی وجہ سے ہوا تھا۔
آسیہ بی بی اپنے حلقے میں کافی مقبول تھیں اور الیکشن والے دن ووٹرز نے احتراماً ان سے ایفائے عہد نبھانے کا عزم کرتے ہوئے کہا تھا کہ کم از کم آج کے الیکشن میں ہم آسیہ بی بی کے سوا کسی اور کو ووٹ نہیں دے سکتے۔
الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ امیدوار آسیہ بی بی کے انتقال سے ان کے شوہر نے آگاہ کردیا تھا تاہم بیلٹ سے ان کا نام ہٹانے کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں تھا، ایک بار انتخابی عمل شروع ہو جائے تو اسے روکا نہیں جا سکتا۔