سوشل میڈیا کا بلیک آؤٹ یا انٹرنیٹ کی بندش مسائل کا حل نہیں: وفاقی وزیر آئی ٹی

Published On 16 May,2023 12:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے ملک میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی بندش کی مخالفت کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں امین الحق کا کہنا تھا کہ کسی بھی سوشل میڈیا کا بلیک آؤٹ یا انٹرنیٹ کی بندش مسائل کا حل نہیں، انٹرنیٹ سروس کی بندش کے معاملے پر وزیراعظم سے بات ہوئی، منسٹری آف آئی ٹی ایسی کسی بھی پابندی کے خلاف ہے جس سے ترقی رکتی ہو۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے آزاد ادارے کے طور پر کام کرتا ہے، انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے سے اربوں کا نقصان ہوا، آئندہ بھرپور کوشش کروں گا کہ مستقبل قریب میں انٹرنیٹ سروس بند نہ ہو تاہم مخصوص علاقوں میں انٹرنیٹ بند کیا جاسکتا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وی پی این مسئلے کا حل نہیں، ہمیں براڈ مائنڈ ہونا ہوگا، سوشل میڈیا کا غلط استعمال ہوا، وکی پیڈیا ڈیڑھ ماہ بند ہوا تھا، ہم نے فوری اقدامات کئے اور بحال کرایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ کی بندش کسی صورت نہیں ہونی چاہیے، آئی ٹی انڈسٹری کو فیسلیٹیٹ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔