نیویارک: (ویب ڈیسک) میسجنگ کی مقبول ترین ایپلی کیشن واٹس ایپ نے بھارت میں 36 لاکھ موبائل کنکشن بند کرتے ہوئے ان کے واٹس ایپ اکاؤںٹس بند کر دیئے۔
ویب سائٹ گیجٹس ناؤ کے مطابق واٹس ایپ نے یہ اقدام جعلی کالز کے سلسلے میں کئے، ان اکاؤنٹس کے بند کئے جانے کا انکشاف یونین ٹیلی کام وزیر اشونی ویشناؤ نے سرکاری ویب سائٹ کی لانچنگ تقریب میں کیا۔
فراڈ کالز روکنے سے متعلق حکومتی اقدامات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں بھارتی وزیر کا کہنا تھا کہ میٹا کی ملکیتی کمپنی واٹس ایپ نے رضامندی ظاہر کی ہے کہ کسی بھی فون نمبر کو دھوکہ دہی میں ملوث پایا گیا تو اس کی سروسز معطل کر دی جائیں گی، ہم واٹس ایپ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور انہوں نے اتفاق کیا ہے کہ صارفین کی حفاظت انتہائی اہم ہے۔
یونین ٹیلی کام وزیراشونی ویشناؤ کا کہنا تھا کہ تمام او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اس بات پر تعاون کر رہے ہیں کہ دھوکہ دہی میں ملوث صارفین کے اکاؤنٹس کو معطل کر دیا جائے گا، 36 لاکھ موبائل کنکشنز دھوکہ دہی کے باعث معطل کرتے ہوئے اُن کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا گیا ہے۔
بھارتی صارفین کی بڑی تعداد نے انٹرنیشنل سپیم کالز میں غیرمعمولی اضافہ کی شکایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے انڈونیشیا، ویت نام، ملائیشیا، کینیا اور ایتھوپیا سے فراڈ کالز کی شکایت کی ہے۔
واٹس ایپ نے بھارتی ٹیلی کام منسٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ مل کر صارفین کیلئے محفوظ ماحول تشکیل دے رہے ہیں۔
اس سے قبل واٹس ایپ ترجمان کا کہنا تھا کہ فیک کالز کے واقعات کم کرنے کیلئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (آے آئی) اور مشین لرننگ (ایم ایل) پرکام کر رہی ہے، نئی انفورسمنٹ جاری کالنگ ریٹ کو 50 فیصد تک کم کر دے گی اورہمیں ایسے واقعات میں بھی تیزی سے کمی کی امید ہے۔
کمپنی کی جانب سے صارفین کے تحفظ کا بیان حکومتی بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ کو نوٹس بھیجا جائے گا۔
آئی ٹی کے وزیر راجیو چندرشیکھر کا کہنا تھاکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز صارفین کی حفاظت کیلئے ذمہ دار اور جواب دہ ہیں، حکومت مبینہ گھپلوں اور صارفین کی پرائیویسی کی مبینہ خلاف ورزی کا نوٹس لے گی۔