واٹس ایپ کاگروپ ممبران کی شمولیت سے متعلق نیا فیچرمتعارف کروانے کا اعلان

Published On 02 August,2023 12:34 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک ) ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کی ذیلی پیغام رساں ایپلی کیشن واٹس ایپ نے گروپ چیٹ کیلئے نیا فیچر متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے ۔

ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کی ذیلی پیغام رساں ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے فیچرز متعارف کرانے کا سلسلہ جاری ہے ، حال ہی میں کمپنی کی جانب سے انسٹنٹ ویڈیو میسج کی تفصیلات کے اعلان کے بعد اب اینڈرائیڈ اور آئی او ایس میں مبینہ طور پر ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کی مدد سے گروپ چیٹ میں رہتے ہوئے گروپ میں دیگر افراد کو شامل کیا جاسکے گا۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق اس فیچر میں ممکنہ طور پر گروپ چیٹ میں ایک بینر واضح ہوگا اور گروپ میں نئے افراد کی آسانی کے ساتھ شمولیت میں مدد دے گا۔

اس فیچر کو صارفین کو کسی گروپ کا حصہ بنانے کے لیے ایک شارٹ کٹ سمجھا جاسکتا ہے جو صارفین کو گروپ میں نیا ممبر شامل کرنے کے لیے گروپ انفارمیشن کے سیکشن میں جانے کے طویل طریقہ کار سے بچائے گا۔

سامنے آنے والے بینر کو دبا کر صارفین گروپ سیٹنگز کے پیشِ نظر(یعنی اگر گروپ سیٹنگ اس چیز کی اجازت دے گی تو) نئے افراد کو گروپ کا حصہ بنا سکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق یہ فیچر فی الحال اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پر واٹس ایپ بِیٹا کا تازہ ترین ورژن استعمال کرنے والے صارفین کو دستیاب ہے اور جلد ہی صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا۔