کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) میٹا کا ذیلی تصاویر اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام اپنے صارفین کیلئے ڈائریکٹ میسجنگ سروس مزید محفوظ بنانے کیلئے ایک نیا ٹول متعارف کرانے جا رہا ہے۔
نیا فیچر صارفین کو ڈائریکٹ میسجز میں غیر مطلوب ویڈیوز اور تصاویر موصول ہونے سے روکنے میں مدد دے گا۔
انسٹاگرام کی جانب سے اٹھائے جانے والے اس قدم کے بعد صارفین کو ایسے صارفین کی جانب سے جن کو وہ فالو نہیں کرتے ڈائریکٹ میسجز میں تصاویر، ویڈیوز اور یہاں تک کہ آڈیو ریکارڈنگ بھی موصول نہیں ہوں گی بلکہ صرف تحریری پیغامات مل سکیں گے۔
کمپنی کی جانب سے تحریری پیغامات کی حد متعین کرنے کے بعد صرف ایک میسج بھیجا جاسکے اور گفتگو کا سلسلہ صرف اس وقت آگے بڑھ سکے گا جب دوسرا صارف چیٹ کی درخواست کو قبول کرے گا۔
میٹا میں ویمنز سیفٹی کی سربراہ سِنڈی ساؤتھ ورتھ کا کہنا تھا کہ کمپنی چاہتی ہے کہ صارفین جب اپنا انباکس کھولیں تو پُر اعتماد محسوس کریں، اس لیے نئے فیچرز کی آزمائش کی جا رہی ہے تاکہ لوگ اس وقت تک کسی فرد کی جانب سے (جن کو وہ فالو نہیں کرتے) کوئی تصویر، ویڈیو یا متعدد پیغامات موصول نہیں کر سکتے جب تک وہ ان کی درخواست قبول نہیں کر لیتے۔
ان کا کہنا تھا کہ کمپنی انسٹاگرام برادری کی جانب سے سامنے آنے والے ردِ عمل پر ان کی مشکور ہے اور پلیٹ فارم پر صارفین کو محفوظ ہونے کا احساس دلانے کیلے مدد کیلئے تجاویز کا لینا جاری رکھے گی۔