کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کی ذیلی پیغام رساں ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کے پیش نظر واٹس ایپ کال کے معیار کو مزید بہتر کرنے کیلئے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے حال ہی میں گروپ فیچر اور سیفٹی فیچر سے متعلق اعلان کیا گیا تھا، اب کمپنی نے کال کے معیار میں موجود ایک مسئلے کو حل کرنے کیلئے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق میسجنگ پلیٹ فارم اپنے اینڈرائیڈ ٹیسٹرز کیلئے 2.23.16.11 بیٹا ورژن متعارف کروانے جا رہا ہے، یہ ورژن حال ہی میں کال کی کوالٹی میں پیش آنے والے مسئلے کو حل کرے گا۔
صارفین کی جانب سے آڈیو اور ویڈیو کالز کی صورت میں اس مسئلے کا سامنا ہونے کی شکایت کی گئی تھی، کچھ صارفین نے واٹس ایپ کال کے دوران آواز کا رابطہ ٹوٹنے کی بھی شکایت کی، صارفین کا کہنا تھا کہ اس مسئلے میں رابطہ قائم ہونے کے بعد آواز کا ربط ٹوٹنا شروع ہو جاتا ہے۔
علاوہ ازیں کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ وہ بہت خراب معیار کی ویڈیو کالز کا تجربہ کر رہے ہیں، تاہم یہ مسئلہ فی الحال صرف بیٹا ٹیسٹرز کی جانب سے رپورٹ کیا گیا ہے۔