واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ بِیٹا ورژن کیلئے وائس چیٹ کا نیا فیچر متعارف کروا دیا

Published On 08 August,2023 04:01 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کی ذیلی پیغام رساں ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کی سہولت کیلئے اینڈرائیڈ بِیٹا ورژن کیلئے وائس چیٹ کا نیا فیچر متعارف کروا دیا۔

واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کروائے گئے نئے وائس چیٹ فیچر کو استعمال کرتے ہوئے گروپ کے کسی بھی ممبر کا فون بجے بغیر کال کی جاسکتی ہے، واٹس ایپ بِیٹا انفو کا کہنا ہے کہ بِیٹا صارفین کو گروپ چیٹ میں ایک آواز کی لہروں کا نشان دکھائی دے گا، اس نشان کو دبانے سے وائس چیٹ خود بخود شروع ہوجائے گی اور ایک مخصوص انٹرفیس ظاہر ہوگا۔

گروپ میں موجود تمام ممبران کسی بھی وقت وائس چیٹ کا حصہ بن سکتے ہیں تاہم 60 منٹ کے دورانیے تک اگر کوئی بھی ممبر چیٹ میں شامل نہیں ہوا تو چیٹ خود بخود ختم ہو جائے گی، نئے فیچر کی مدد سے کوئی بھی ممبر کسی بھی وقت اپنی مرضی سے نئی آڈیو کال کا آغاز کر سکتا ہے۔

یہ نیا فیچر ان مخصوص گروپس میں ہی دستیاب ہوگا جن میں عمومی طور پر 32 سے زائد ممبران ہوں گے، یہ فیچر اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہے تاکہ وائس کال کا تمام مواد اس کے شرکاء کے درمیان ہی محدود رہے۔