اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت آئی ٹی نے سرکاری ملازمین کے لیے بیپ پاکستان ایپلی کیشن لانچ کردی۔
بیپ پاکستان ایپلی کیشن کو41 وفاقی وزارتوں اور محکموں کیلئے لانچ کیا گیا ہے۔
یہ ایپ پاکستان میں واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا ایپلیکیشنز کا متبادل ہو گی، یہ ملک میں سرکاری ملازمین کے محفوظ رابطوں کے لیے استعمال ہوگی جس میں آڈیو، ویڈیو کالنگ اور ویڈیو کانفرسنگ کی سہولت ہو گی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام امین الحق اور وزارت کے دیگرحکام نے بیپ پاکستان ایپلیکیشن کی لانچنگ تقریب میں شرکت کی۔
سی ای او این آئی ٹی بی بابر بھٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیپ پاکستان ایپلیکیشن ای آفس میں مدد گار ثابت ہو گی، بیپ اپلیکیشن کے ذریعے سرکاری دستاویزات محفوظ طریقے سے منتقل ہو سکیں گے۔
بابر بھٹی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں اس ایپلیکیشن کو وفاقی محکموں کے لیے لانچ کیا گیا ہے، دوسرے مرحلے میں صوبائی سطح پر بھی اس ایپلیکیشن کو لانچ کر دیا جائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے بعد عام شہری بھی اس ایپلیکیشن کو استعمال کر سکیں گے، یہ پاکستان کی اپنی پہلی سوشل میڈیا ایپلیکیشن ہے اور ای آفس سافٹ ویئر ورژن کا بھی آغاز کیا جارہا ہے۔