فش ہاربر پر فیکٹری میں دھماکہ، زہریلی گیس خارج ہونے سے متعدد افراد بے ہوش

Published On 08 August,2023 10:06 pm

کراچی: (دنیا نیوز) فشریز کے علاقے میں فیکٹری میں زہریلی گیس خارج ہونے کے باعث متعدد افراد بے ہوش ہو گئے۔

ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق سی فوڈ ویسٹ وہارف کمپنی کے اندر امونیا گیس کا پائپ لیک ہوا ہے، 12 خواتین ورکرز کو ہسپتال منتقل کیا گیا، سی فوڈ ویسٹ کمپنی کے انجینئرز موقع پر پہنچ گئے ہیں۔

ایس ایس پی فدا حسین جانوری نے بتایا کہ پائپ لیکج کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا، مزید ہسپتالوں کو چیک کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کی فوڈ فیکٹری میں گیس دھماکے کا نوٹس لے لیا، وزیراعلیٰ نے کمشنر اور وزیر لیبر سے رپورٹ طلب کر لی، وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ فوڈ سے فیکٹری کا معائنہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ فیکٹری میں ناکارہ گیس سلنڈر پائےجائیں تو فوراً سیل کریں۔

گورنر سندھ نے بھی فش ہاربر اتھارٹی پر فیکٹری میں امونیا گیس کے اخراج کا نوٹس لے لیا، کامران خان ٹیسوری نے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمی افراد کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔