واشنگٹن: (ویب ڈیسک) اگر کہا جائے کہ ہماری کہکشاں میں سب سے زیادہ خوفناک سیارہ HD 189733 b ہو سکتا ہے تو شاید یہ غلط نہ ہو۔
ناسا کے ماہرینِ فلکیات کے نزدیک یہ سیارہ ’قاتل سیاروں‘ میں سے ایک ہے، انسانی آنکھ کو یہ دور دراز سیارہ چمک دار نیلا دکھائی دیتا ہے لیکن اگر کوئی بھی ’خلائی مسافر‘ اسے زمین ہی جیسا ماحول دوست سیارہ سمجھ کر اس پر اترنے کی کوشش کرے تو یہ اس کی زندگی کی سب سے بڑی اور آخری غلطی ہوگی۔
ایچ ڈی 189733 بی کا موسم جان لیوا ہے، اس کی ہوائیں آواز کی رفتار سے 7 گنا زیادہ 5,400 میل فی گھنٹے کی رفتار سے چلتی ہیں لیکن اس سے قطع نظر جو بات اسے سب سے زیادہ خوفناک بناتی ہے وہ یہاں کی بارش ہے جو پانی کی بوندوں کے بجائے کانچ کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں پر مشتمل ہے۔
ایسی بارش کی زد میں آنا سیدھی موت ہے جس کا آپ کو احساس بھی نہیں ہوگا۔
مزید برآں کانچ کی یہ بارش تیز ہواؤں کے ساتھ ٹیڑھی سمت میں ہوتی ہے، یعنی لاکھوں چھوٹے شیشے کے ٹکڑے آواز سے زیادہ رفتار سے ٹیڑھی سمت میں اڑتے ہیں۔
اس سیارے کا کوبالٹ کا نیلا رنگ جو خلا سے کسی سمندر کی طرح دکھتا ہے، دراصل سیارے کے ماحول میں موجود سلیکیٹ کے ذرات سے بنے بادل ہیں جو ہمہ وقت طوفانی صورت اختیار کئے ہوئے ہوتے ہیں۔