شنگھائی: (ویب ڈیسک) چین کی ایک برقی کار ساز کمپنی نے ایک ایسی بیٹری کی آزمائش کی ہے جو ایک بار چارج کئے جانے پر 1000 کلو میٹر سے زیادہ فاصلے تک گاڑی کو توانائی فراہم کر سکتی ہے۔
شنگھائی کی مقامی کمپنی نیو (Nio) کے چیف ایگزیکٹو ولیم لی نے 14 گھنٹے کی لائیو سٹریم کے دوران کمپنی کی برقی گاڑی ای ٹی 7 وہیکل 1044 کلو میٹر تک چلا کر بیٹری کی آزمائش کی، یعنی گاڑی کو ژیجیئنگ صوبے سے فیوجیئن صوبے تک 84 کلو میٹر فی گھنٹے کی اوسط رفتار سے چلایا گیا۔
ایک علیحدہ آزمائش (جس کو نشر نہیں کیا گیا) میں دیکھا گیا کہ اس بیٹری نے 1145 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
ولیم لی نے چینی سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ویئبو پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ یہ بیٹری فی الحال دنیا میں سب سے زیادہ توانائی کی کثافت رکھنے والی بیٹری ہے اور اس کی سیفٹی پرفارمنس بہترین ہے۔
مزید یہ کہ فروخت کیلئے موجود تمام گاڑیوں کو نیو بیٹری سویپ سسٹم کے ذریعے 150 کلو واٹ آور پر اپ گریڈ کیا جاسکتا ہے۔
نیو چارجنگ گاڑیوں کیلئے ایک غیر روایتی سوچ کو بروئے کار لائی ہے جس کیلئے کمپنی نے کار کو آؤٹ لیٹ میں گاڑی کو چارج ہونے کیلئے لگانے کے بجائے بیٹری سویپ سسٹم کا استعمال کیا ہے، یہ ایک ایسا نظام ہے جو گاڑیوں میں نصب ہوتا ہے اور خالی بیٹری کو مکمل چارج بیٹری سے تین منٹ سے کم وقت میں بدل سکتا ہے۔
صارفین بغیر بیٹری کی گاڑی خرید کر ماہانہ سبسکرپشن فیس کی ادائیگی کرتے ہوئے نیو کے نیٹ ورک میں بیٹریوں کا استعمال کر سکتے ہیں۔
نیو کے مطابق کمپنی اپریل 2024 سے اس بیٹری کی وسیع پیمانے پر پیداوار شروع کرنے جا رہی ہے۔