واٹس ایپ نے ویڈیو کالز کیلئے منفرد فیچر متعارف کروا دیا

Published On 20 December,2023 08:22 pm

کیلی فورنیا: (ویب ڈیسک) میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ میں ایک منفرد فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے جو ویڈیو کالز کے تجربے کو بدل کر رکھ دے گا۔

کچھ عرصے قبل واٹس ایپ میں ویڈیو کالز کے دوران سکرین شیئرنگ کا فیچر متعارف کرایا گیا تھا، اب میسجنگ ایپ میں اسے مزید بہتر بنایا جا رہا ہے اور ویڈیو کالز کے دوران آڈیو شیئر کرنا بھی ممکن ہو جائے گا۔

WaBetaInfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے بیٹا (beta) ورژن میں ویڈیو کالز کے دوران آڈیو شیئر کرنے کا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔

اس فیچر کے تحت ویڈیو کال کے دوران فون میں موجود کوئی بھی آڈیو فائل پلے کرنا ممکن ہوگا، اس فیچر سے صارفین اکٹھے پسندیدہ گانے سن سکیں گے، اکٹھے دفتری کام کر سکیں گے اور بھی کئی مقاصد کے لیے اسے استعمال کیا جا سکے گا۔

رپورٹ کے مطابق جب کوئی صارف ویڈیو کال کے دوران سکرین شیئر کرے گا تو فون کی جانب سے آڈیو بھی منتقل کی جائے گی، اس فیچر کے ذریعے واٹس ایپ روایتی ویڈیو کانفرنسنگ ایپس جیسے مائیکرو سافٹ ٹیمز، گوگل میٹ، زوم اور فیس ٹائم کو ٹکر دینے کے قابل ہو جائے گی۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ میں ویڈیو کالنگ کا فیچر نومبر 2016 میں متعارف کرایا گیا تھا مگر اسے بتدریج بہتر بنایا گیا۔