گوگل مزید 30 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کیلئے تیار

Published On 25 December,2023 04:42 pm

کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) گوگل کی سرپرست کمپنی الفا بیٹ نے مزید 30 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا عدنیہ دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطاطبق گوگل کے مزید 30 ہزار ملازمین کو جلد فارغ کیے جانے کا امکان ہے اور ایسا آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی میں پیشرفت کے باعث ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ گوگل کی سرپرست کمپنی الفا بیٹ نے جنوری 2023 میں 12 ہزار ملازمین کو نکال دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق گوگل کی جانب سے ایڈ (ad) سیلز ڈیپارٹمنٹ کو ری اسٹرکچر کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے کیونکہ اب اس کام کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کا استعمال زیادہ ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل کا کروڑوں صارفین کی پسندیدہ ایپس بند کرنے کا فیصلہ

رپورٹ میں بتایا گیا کہ حالیہ مہینوں میں اے آئی ٹیکنالوجی میں پیشرفت کے باعث کمپنی نے مختلف عہدوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ٹیکنالوجی کمپنی کی جانب سے ایڈ سیلز اور کسٹمر سروس ڈیپارٹمنٹ کے مخصوص شعبوں کو ڈیجیٹل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب گوگل کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی اشتہارات متعارف کرائے گئے، گوگل کے اس شعبے کو ری اسٹرکچر کرنے کا اعلان گزشتہ دنوں ایک اندرونی اجلاس کے دوران کیا گیا تھا۔