نیویارک: (ویب ڈیسک) 2023 کے دوران دنیا بھر میں سب سے زیادہ ڈیلیٹ کی جانیوالی ایپس کے بارے میں ٹی جی آر نامی کمپنی کی تحقیق سامنے آگئی۔
اس تحقیق کے مطابق 2023 کے دوران دنیا بھر میں سب سے زیادہ ڈیلیٹ کی جانے والی ایپ انسٹاگرام رہی۔
تحقیق میں ڈیٹا کا تجزیہ کرنے پر معلوم ہوا کہ رواں سال کے دوران دنیا بھر میں اوسطاً ہر ماہ 10 لاکھ 20 ہزار بار انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کے عمل کے بارے میں جاننے کے لیے انٹرنیٹ پر سرچ کیا گیا۔
تحقیق کے مطابق انسٹاگرام کو سب سے زیادہ ڈیلیٹ کرنے کی وجہ اس فوٹو شیئرنگ ایپ میں کی جانے والی تبدیلیاں ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ انسٹاگرام کو حالیہ برسوں میں بہت زیادہ تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ اب یہ ایپ اشتہارات اور کمائی کے خواہشمند افراد کا مرکز بن چکی ہے، جس نے بھی صارفین کو متاثر کیا ہے۔
ابھی بھی میٹا کی زیر ملکیت ایپ کے صارفین کی تعداد 2 ارب کے قریب ہے مگر تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو ایک سال کے اندر اس تعداد میں کمی آسکتی ہے۔
انسٹاگرام کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ ڈیلیٹ کی جانے والی ایپ اسنیپ چیٹ رہی جسے ڈیلیٹ کرنے کا عمل جاننے کے لیے ہر ماہ اوسطاً ایک لاکھ 28 ہزار افراد نے انٹرنیٹ کا رخ کیا۔
تیسرے نمبر پر ایکس (ٹوئٹر) رہی جس کے بعد ٹیلی گرام اور فیس بک بالترتیب چوتھے اور 5 ویں نمبر پر رہے، ٹک ٹاک چھٹے، یوٹیوب 7 ویں جبکہ واٹس ایپ 8 ویں نمبر پر سب سے زیادہ ڈیلیٹ کی جانے والی ایپ رہی۔