مظفر آباد: (محمد اقبال) جنت نظیر خطہ کشمیر اپنے حسن و جما ل کی وجہ سے دنیا میں منفرد حیثیت رکھتا ہے، سال 2023 کے دوران آزاد جموں وکشمیر کے علاقوں کا نظارہ کرنے 10 لاکھ سے زائد سیاحوں نے رخ کیا ہے۔
دارالحکومت مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے سرسبز و شاداب علاقے ہر موسم میں نکھرے نکھرے رہتے ہیں، رنگ بدلتے موسموں میں ملک کے دیگر علاقوں سمیت دنیا بھر سے بڑی تعداد میں سیاح کشمیر کے حسین مناظر کو دیکھنے آتے ہیں۔
سال 2023 میں موسم کھلتے ہی آزادکشمیر کے پرفضا سیاحتی مقامات وادی نیلم، لیپا ویلی، گنگا چوٹی، بنجوسہ، پیر چناسی، حویلی، داؤ کھن اور تولی پیر جیسے بالائی علاقوں کا نظارہ کرنے کے لئے نو لاکھ سے زائد سیاحوں نے ڈیرے ڈالے تھے۔
سال 2023 کے دوران نومبر اور دسمبر کے مہینے میں ایک لاکھ سے زائد سیاحوں نے منگلا ڈیم میر پور کی سیر کی۔
محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ حکام کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں سیاحوں کی آمد سال 2022 کے مقابلے میں سال 2023 میں زیادہ رہی ہے، مزید سیاحتی مقامات کو بھی متعارف کروایا جا رہا ہے۔
آزاد جموں و کشمیر میں مہماتی سیاحت کے شوقین افراد خاص کر برفباری کے دوران گنگا چوٹی، وادی نیلم اور لیپا کا رخ کرتے ہیں، سال 2023 کے دوران کشمیر کی برف پوش چوٹیوں پر سکیئنگ کے مقابلے بھی کروائے گئے جن میں ملک بھر سے آئے 200 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔