اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک میں تعلیمی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے 100 سمارٹ کلاس رومز قائم کر دیئے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر ضیاء القیوم کے زیر قیادت آن لائن تقریب میں ان کلاس رومز سے اعلیٰ تعلیم میں ٹیکنالوجی کی ترقی کی نمائش کی گئی، چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد وائس چانسلرز اور یونیورسٹیز، ڈی اے آئیز کی سینئر مینجمنٹ کے ساتھ تقریب میں شریک ہوئے۔
ایچ ای سی کے ممبر (آئی ٹی) ڈاکٹر جمیل احمد، پراجیکٹ کوآرڈی نیٹر ایچ ای ڈی پی ڈاکٹر محمود الحسن، انچارج آئی ٹی ڈویژن نوید طاہر اور ہواوے کی ٹیم بھی اس موقع پر موجود تھی۔
چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے ایچ ای سی کے آئی ٹی ڈویژن اور یونیورسٹیوں کو اس منصوبے کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ یہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کی جانب اہم سنگ میل ہے، یہ سیکھنے کے تجربے کو آسان بنا کر آن لائن تعلیم کے معیار کو بلند کرے گا۔
ڈاکٹر ضیاء القیوم نے پاکستان اور چین کی حکومتوں اور ہواوے کے تعاون پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے ملک بھر میں فاصلاتی تعلیم تک رسائی کو بڑھانے میں ان جدید ترین کلاس رومز کے کردار پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ یہ کلاس رومز بیک وقت 4000 شرکاء کے رابطے کو ممکن بنائیں گے۔